وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی

اسلام آباد (پی این آئی)وزیراعظم عمران خان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی اور گزشتہ پانچ ماہ میں بھر پور کامیابی کی حوصلہ افزائی کرتےہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں،حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو ترسیلات زر اور

سرمایہ کاری میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پرعزم ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو میسر آنے والی سہولیات کی فراہمی میں پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، معاونین خصوصی سید زوالفقار عباس بخاری، ڈاکٹر وقار مسعود خان، گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک مرتضی سید، سینیٹر فیصل جاوید اور سینئر افسران شریک تھے۔اجلاس کو وزیراعظم عمران خان کے وژن کے تحت قائم روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران حوصلہ افزا دلچسپی اور مستقبل میں جدت کے ساتھ مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شرکا کو آگاہ کیا گیا کہ اب تک مختلف براعظموں کے 97 ممالک میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ان ممالک میں اب تک 82728 اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں جن کے تحت تقریبا 436 ملین ڈالرز کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو چکی ہیں۔روزانہ کی بنیاد پر تقریبا 600 سے 700 اکاونٹس کھل رہے ہیں جن میں روزانہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے چھ سے سات ملین ڈالرز کی ترسیلات اور ادائیگیاں ہو رہی ہیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سب سے زیادہ سعودی عرب، متحدہ ارب امارات، برطانیہ اور امریکہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں اور اس اکاؤنٹ کے تحت فنڈز کی ترسیل میں گزشتہ ماہ میں مزید تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔شرکاءکو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی کامیابی میں وزارت خارجہ، وزارت خزانہ، وزارت برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ اور ایف بی آر کے تعاون کے حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ ان وزارتوں اور سینیٹر فیصل جاوید کے بھرپور تعاون کی بدولت گزشتہ پانچ ماہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی کامیابی کا سفر ممکن ہوا۔ شرکا کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ادائیگیوں پر آگاہی، ترسیلات زر میں اضافے کو مزید سہل بنانے اور سمندر پار پاکستانیوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مجوزہ روڈمیپ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے آخر میں وزیراعظم عمران خان نے روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی اور گزشتہ پانچ ماہ میں بھر پور کامیابی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت سمندر پار پاکستانیوں کو ترسیلات زر اور سرمایہ کاری میں سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت سہولیات کی فراہمی میں جدت لانے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اکاونٹ کے تحت مزید سہولیات کی فراہمی، خصوصا ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو آسان اور سہل بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تجاویز کو جلد حتمی شکل دے کر عملدرآمد ممکن بنایا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close