بچوں میں آنکھوں کے کینسر کی روک تھام، الشفاء آئی ہاسپٹل نے جینیاتی ٹیسٹنگ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا

راولپنڈی (پی این آئی) الشفاء ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا کہ بچوں میں آنکھوں کے کینسر کی روک تھام کے لیے جدید ترین جینیاتی ٹیسٹنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔جینیاتی جانچ سےغیر یقینی صورتحال کو کم کر دیتی ہے اور منفی نتیجہ کی صورت میں غیر ضروری چیک اپ کی ضرورت نہیں رہتی۔ مثبت نتیجہ کی صورت میں علاج معالجہ کے لئے بہتر رہنمائی مل جاتی ہے۔

پاکستان کی آنکھوں کے لیے پہلی جینیاتی ٹیسٹنگ لیب کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل رحمت خان نے کہا کہ آنکھوں کی جینیات اور ڈی این اے کی تشخیص بہت مہنگا عمل ہے مگر ٹرسٹ میں تمام مریضوں کا مفت ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر طیب افغانی نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے مقابلہ میں پاکستان میں بچوں میں آنکھوں کا کینسر تیزی سے بڑھ رہا ہےلہذا اس خطرے سے نمٹنے کے لیے کوششیں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الشفاء ٹرسٹ میں سالانہ آنکھوں کے کینسر میں مبتلا تقریباً 700 بچوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ یہ تعداد پڑوسی ملک بھارت سے دگنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی جینیاتی جانچ سے آنے والی نسلوں میں آنکھوں کے امراض کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ مرض کا بروقت پتہ چلنے سے بینائی بحال ہو سکتی ہے کیونکہ تاخیر سےیہ مسئلہ مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے جس کے نتیجہ میں بینائی کی کمزوری یا مکمل اندھے پن کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آنکھوں کے کینسر میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے مگر زیادہ تر مریضوں کو مرض کے آخری مراحل میں ہسپتال لایا جاتا ہے۔

آنکھوں کے کینسر میں مبتلا زیادہ تر بچے دور دراز علاقوں میں رہنے والے اورکم آمدنی والے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں جنکی آنکھوں کے خصوصی ہسپتال تک رسائی نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ٹیومر لاعلاج ہوتے ہیں، جبکہ دیگر آنکھوں کوبگاڑ سکتے ہیں جس کے لیے پیچیدہ جراحی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر رتبہ گل نے میڈیا کے نمائندوں کو پیش رفت کے بارے میں بتایا جبکہ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ، پروفیسر ڈاکٹر صبا ارشاد، پروفیسر ڈاکٹر انیسہ سلطان، ڈاکٹر سعد سرفراز، ڈاکٹر فہیم اظہر، اور پروفیسر ڈاکٹر واجد علی خان نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close