تیل کی قیمتوں میں کمی

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں گزشتہ روز نمایاں کمی دیکھی گئی، جس میں برینٹ کروڈ کا ریٹ تقریباً چار فیصد گر کر ساٹھ ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گیا۔ بعد ازاں معمولی بحالی کے بعد یہ باسٹھ ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہونے لگا۔

برینٹ کروڈ کی قیمت میں دو ڈالر پندرہ سینٹ کی کمی آئی جو تریسٹھ ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ بھی دو ڈالر سات سینٹ گر کر اٹھاون ڈالر ستانوے سینٹ فی بیرل پر پہنچ گیا۔

یہ کمی اس وقت سامنے آئی جب اوپیک نے پیش گوئی کی کہ عالمی تیل کی فراہمی 2026 تک طلب کے برابر ہو جائے گی۔ یہ اندازہ اوپیک ممالک کی بڑھتی ہوئی پیداوار کو ظاہر کرتا ہے، جس سے مارکیٹ میں توازن پیدا ہو رہا ہے۔

دوسری جانب انٹرنیشنل انرجی ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ تیل اور گیس کی طلب 2050 تک بڑھ سکتی ہے۔ تیل برآمد کرنے والے ممالک نے عارضی طور پر پیداوار میں کمی پر غور کرنے کا عندیہ دیا ہے تاکہ قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو قابو میں لایا جا سکے۔

پاکستان میں بھی سولہ نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، جس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اوگرا کی سمری کی روشنی میں کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close