اب پہلی کلاس میں داخلہ لینے کے لئے بچے کی کم از کم عمر کتنی ہو گی ؟ جانئے

دہلی: پڑوسی ملک کے دارالحکومت دہلی میں سرکاری سکولوں کے نئے قواعد نافذ ہو گئے ہیں، جن کے مطابق پہلی کلاس میں داخلہ لینے کے لیے بچے کی کم از کم عمر 6 سال اور زیادہ سے زیادہ عمر 7 سال مقرر کی گئی ہے۔ یہ قواعد تعلیمی سال 2026-27 سے نافذ ہوں گے۔

دہلی سٹیٹ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے مطابق یہ فیصلہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 اور تعلیم کے حق ایکٹ 2009 کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ بچوں کی ذہنی، جذباتی اور معاشرتی ترقی کے مطابق وہ رسمی تعلیم کے لیے تیار ہوں۔

نئے سرکلر کے مطابق پری اسکول سے پہلی جماعت تک عمر کی حد یوں طے کی گئی ہے: نرسری (3 سے 4 سال)، لوئر کے جی (4 سے 5 سال)، اپر کے جی (5 سے 6 سال)، اور کلاس 1 (6 سے 7 سال)۔

ہیڈ آف سکول کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ عمر میں صرف ایک ماہ کی رعایت دے سکیں، یعنی اگر کسی بچے کی عمر مقررہ حد سے ایک ماہ کم یا زیادہ ہو تو داخلہ کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ علاوہ ازیں، جو طالب علم پہلے سے کسی تسلیم شدہ سکول میں زیر تعلیم ہے اور اگلی جماعت میں جانا چاہتا ہے، اس کے لیے بھی عمر کی حد میں رعایت دی جائے گی تاکہ تعلیم میں خلل نہ پڑے۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ یہ اقدام داخلہ کے عمل کو شفاف بنانے اور تمام بچوں کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، اور ابتدائی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close