ریڈ الرٹ جاری، نظام درہم برہم ہو گیا

جنوبی بھارت کی ریاست تمل ناڈو میں آج شدید بارش نے زندگی کا نظام درہم برہم کر دیا۔ چنئی کے مشہور مرینا بیچ پر بھی موسم خراب ہے اور شمال مشرقی مون سون کی شدت کے سبب ساحل پر تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جس سے گردابی طوفان کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

اس سال مون سون بھارت اور پاکستان دونوں میں شدید تباہی لے کر آیا۔ پاکستان میں مون سون کی بارشیں دو ہفتے قبل ختم ہو چکی ہیں، تاہم ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں بارش کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ شدید بارش کے باعث سکول اور کالج بند کر دیے گئے، پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا اور وسیع علاقے میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ بارش 24 گھنٹے سے مسلسل جاری ہے اور مزید 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان بتایا گیا ہے۔

تمل ناڈو اور پڈوچیری میں کئی شہروں کے حالات بگڑ گئے ہیں، جس کے سبب چنئی میں سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں چھٹیاں کر دی گئی ہیں۔ انڈیا کے محکمہ موسمیات کے مطابق یہ بارش کا سلسلہ ابھی تھمنے والا نہیں ہے اور اگلے 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

ہندوستانی محکمہ موسمیات نے جنوبی خلیج بنگال میں گردابی طوفان کے امکانات ظاہر کیے ہیں۔ طوفان کے مغرب-شمال-مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے اور بدھ کو شمالی تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل اور جنوبی آندھرا پردیش کے ساحلوں کے نزدیک دباؤ کا علاقہ مضبوط ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ساحلی تمل ناڈو کے اضلاع ولوپورم، کڈڈالور، مائیلادوتھورائی، ناگاپٹنم، ترووالور، تنجاور، پڈوکوٹائی اور رامناتھ پورم کے لیے شدید بارش کا ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ چنئی کے لیے اورینج الرٹ جاری ہے، جبکہ سیلم، تروچیراپلی، ویلور، تروپتر، دھرما پوری اور پڈوکوٹائی میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

شدید بارش کے سبب راجدھانی چنئی اور دیگر علاقے زیر آب ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مرینا بیچ پر تیز ہوائیں اور گردابی طوفان کا خطرہ برقرار ہے۔

دوسری جانب ممبئی میں بھی گذشتہ روز سے شدید بارش جاری ہے اور اگلے تین دنوں تک ہلکی اور درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔ جنوبی کونکن کے رتناگیری میں ہفتہ تک اور سندھودرگ ضلع میں جمعہ تک یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ رائے گڑھ ضلع میں بدھ کو ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close