آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں شیل ہاربر ایئرپورٹ پر ایک پرائیویٹ لائٹ طیارہ اڑان بھرتے ہی زمین سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا جب طیارہ باتھرسٹ کے لیے روانہ ہوا۔ اڑان کے چند ہی لمحے بعد، طیارہ تقریباً 30 میٹر کی بلندی پر پہنچ کر اچانک بائیں جانب جھک گیا اور زمین سے ٹکرا گیا، جس کے بعد اس میں آگ بھڑک اُٹھی۔ ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، تاہم طیارے میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک جوڑا اور ایک 73 سالہ شہری شامل ہیں، جن میں بلڈر اینڈریو کونرز اور ان کی اہلیہ جولیئن کی شناخت ہوئی ہے۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس اور آسٹریلین ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بیورو نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی تجزیے کے مطابق طیارہ بہت زیادہ بلندی تک نہیں پہنچ پایا تھا، اور حادثے کا سبب ممکنہ طور پر تکنیکی خرابی یا کنٹرول میں ناکامی بتایا جارہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں