سعودی عرب نے عمرہ کے خواہش مند افراد کے لیے پالیسی میں نرمی کرتے ہوئے سہولتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اب سعودی عرب آنے والے افراد کسی بھی ویزے پر عمرہ ادا کرسکیں گے۔ اس پالیسی میں وزٹ، فیملی وزٹ، سیاحتی اور ٹرانزٹ ویزے شامل ہیں۔ وزارت کے مطابق نسک عمرہ پورٹل کو بھی اس سہولت کے مطابق اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے تحت زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب وزارتِ حج و عمرہ نے حج 1447 ہجری کی تیاریوں کے سلسلے میں 75 سے زائد ممالک کے حکام کے ساتھ ورچوئل اجلاسوں کا سلسلہ مکمل کرلیا ہے۔ ان اجلاسوں میں آئندہ سال کے لیے حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات، انتظامات اور معیارِ خدمت میں بہتری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت کے مطابق ان اجلاسوں کا مقصد خدمات کو پہلے سے بہتر بنانا اور بیرونی اداروں کو حج پروگرام کے بارے میں پیشگی آگاہی فراہم کرنا تھا تاکہ عازمینِ حج کی آمد و روانگی کے معاملات بروقت مکمل کیے جاسکیں۔
اس سے قبل وزارت نے 50 سے زائد اجلاس متعلقہ اداروں کے ساتھ منعقد کیے، جن میں “سعودی بس” انیشیٹو بھی شامل ہے—جس کا مقصد عازمینِ حج کے ٹرانسپورٹ کے تجربے کو جدید اور معیاری بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں