غزہ کی جانب نئی فلوٹیلا روانہ، اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش

اسرائیل کی غیر قانونی ناکہ بندی کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے 100 کارکنوں پر مشتمل ایک اور فلوٹیلا نے غزہ کا رخ کرلیا۔

فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے مطابق “کونسائنس” نامی کشتی بدھ کے روز اٹلی سے روانہ ہوئی، جس پر تقریباً 100 کارکن سوار ہیں۔ اس قافلے میں مجموعی طور پر 9 کشتیاں شامل ہیں جن میں ڈاکٹرز اور صحافی بھی موجود ہیں۔ لائیو ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق یہ کشتیاں اس وقت یونانی جزیرے کریٹ کے قریب موجود ہیں، اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ غزہ کی جانب پیش قدمی پر اسرائیلی بحریہ انہیں روک سکتی ہے۔

اس سے ایک روز قبل اسرائیلی بحریہ نے “گلوبل صمود فلوٹیلا” کو غزہ پہنچنے سے روک دیا تھا۔ اس فلوٹیلا کی 42 کشتیوں پر سوار تقریباً 470 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا، جن میں پاکستانی بھی شامل تھے۔ یہ قافلہ غزہ کے عوام کے لیے خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان لے کر جا رہا تھا۔ فلوٹیلا پر اسرائیلی کارروائی کے بعد مختلف ممالک میں شدید احتجاج اور مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close