نیتن یاہو کی حماس کو دھمکی

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے خبردار کیا ہے کہ اگر حماس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ غزہ جنگ بندی منصوبے کو مسترد کیا تو اسرائیل اپنا “کام مکمل” کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ یہ منصوبہ اسرائیل کے اصولوں سے مطابقت رکھتا ہے اور یقینی بنائے گا کہ غزہ آئندہ اسرائیل کے لیے خطرہ نہ بنے۔ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ اور نیتن یاہو نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران منصوبے کا اعلان کیا۔ ٹرمپ نے اسے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے “تاریخی دن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرب اور مسلم رہنماؤں نے اس منصوبے کی حمایت کی ہے۔ ان کے مطابق ترکیہ اور انڈونیشیا کے صدور، پاکستان کے وزیراعظم اور دیگر رہنما بھی اس امن معاہدے کے حامی ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر حماس نے منصوبہ تسلیم نہ کیا تو اسرائیل کو حماس کے خاتمے کے لیے ان کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ دوسری جانب مسلم ممالک، جن میں پاکستان، اردن، یو اے ای، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب، قطر اور مصر شامل ہیں، نے ٹرمپ کے مجوزہ منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔ مشترکہ اعلامیے میں غزہ کی تعمیر نو، فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی روک تھام، جنگ بندی اور جامع امن عمل کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ٹرمپ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close