افغانستان میں رات گئے آنے والے 6 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں تقریباً 800 افراد جاں بحق اور 2800 سے زائد زخمی ہو گئے۔
افغان حکومت کے ترجمان کے مطابق صوبہ کنڑ میں 3 گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جہاں 610 افراد جاں بحق اور 1300 زخمی ہوئے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ صوبہ ننگرہار میں 12 افراد جاں بحق اور 255 زخمی ہوئے، جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6 اور گہرائی 8 کلومیٹر تھی، جبکہ مرکز جلال آباد سے 27 کلومیٹر مشرق میں واقع تھا۔
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سماجی رابطے کی سائٹ پر پیغام میں کہا کہ زلزلے سے شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے، مقامی حکام اور شہری امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مرکز اور قریبی صوبوں سے امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں حصہ لیں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں