کراچی میں موسم کی صورتحال میں بتدریج تبدیلی دیکھی جا رہی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں سردی میں اضافہ متوقع ہے جبکہ دن کے وقت موسم گرم اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں ہلکی خنکی اور ٹھنڈک محسوس کی جا رہی ہے تاہم دوپہر کے وقت درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اکتوبر سے اب تک رات کا کم سے کم درجہ حرارت 16.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شہر کا مطلع صاف ہے مگر فضائی آلودگی میں کمی نہیں آئی۔ اس وقت سمندری ہوائیں بند ہیں اور شمال یا شمال مشرق سے ہلکی خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے اور ہواؤں کی سمت تبدیل ہونے سے موسم مزید خشک ہو گیا ہے جبکہ فضائی معیار غیر صحت بخش قرار دیا گیا ہے۔
آج فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نمی کا تناسب صرف 8 فیصد تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج درجہ حرارت 34 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، اور اس وقت شہر میں نمی کا تناسب 34 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






