این ڈی ایم اے کا ممکنہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متعلق الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے، جبکہ دریائے جہلم، راوی اور ستلج کے بالائی علاقوں میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، حافظ آباد، سرگودھا اور خوشاب سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، ہری پور، کوہاٹ، کوہستان، خیبر، کرم اور مانسہرہ میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ مہمند، نوشہرہ، مالاکنڈ، چارسدہ، ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، پشاور اور صوابی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے اضلاع کراچی، جامشورو، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان موجود ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، لہٰذا شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

دوسری جانب، ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ’شکتی‘ کے حوالے سے ساتواں الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان نے مزید شدت اختیار کرلی ہے اور گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مغرب کی جانب بڑھتے ہوئے کراچی کے جنوب مغرب میں تقریباً 390 کلومیٹر کے فاصلے پر پہنچ چکا ہے۔ پیشگوئی کے مطابق ’شکتی‘ آج شام تک شمال مغرب اور وسطی بحیرہ عرب کی سمت بڑھے گا، تاہم کل مشرق کی طرف رخ موڑنے کے بعد بتدریج کمزور پڑنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close