کراچی: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شہر میں سمندری ہوائیں بدستور معطل ہیں، جس کے باعث دن بھر موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود ہے اور آج بھی کہیں کہیں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26.5 جبکہ موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 86 فیصد ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون وارننگ سینٹر نے بحیرہ عرب میں بننے والے موسم کے نظام پر چھٹا الرٹ جاری کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سمندر میں موجود ڈپریشن طوفان میں تبدیل ہوچکا ہے، جو اس وقت کراچی سے تقریباً 360 کلو میٹر جنوب میں واقع ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں یہ شدید سمندری طوفان میں بدل سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کراچی میں آج اور کل کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ ماہی گیروں کو 5 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ طوفان کے مرکز کے قریب ہواؤں کی رفتار 125 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اکتوبر تک بحیرہ عرب میں سمندر کی صورتِ حال انتہائی خطرناک رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں