پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارشوں کا الرٹ جاری، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد اضلاع میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے چترال، دیر، سوات، بونیر اور ایبٹ آباد سمیت دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع، خصوصاً گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، جہلم اور نارووال میں شدید بارش متوقع ہے، جس سے شہری و دیہی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جن میں گلگت، ہنزہ، اسکردو، نیلم، مظفرآباد اور راولاکوٹ شامل ہیں۔ یہاں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ہدایت جاری کی ہے کہ عوام سفر سے قبل موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔ مقامی آبادی، کسان اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ حفاظتی اقدامات بروقت کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں