پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں خوارج کی موجودگی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی پاک فوج ہر دشمن کی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں اور قومی ترقی و خوشحالی میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ سے پاک افغان سرحدی جھڑپوں، ملکی سلامتی کی صورت حال اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غلط معلومات سے متعلق گفتگو کی۔
اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ نے پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ ڈس انفارمیشن اور پروپیگنڈے کے خاتمے کے لیے ایسی مزید بامقصد نشستیں منعقد کی جانی چاہئیں۔
انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ پاک فوج نے دشمن کو ہر محاذ پر فیصلہ کن جواب دیا ہے، جبکہ قوم فوج کی امن، استحکام اور ترقی کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں