فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور اس کی پراکسیز کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
خطاب کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کے عوام باصلاحیت، محب وطن اور پرعزم ہیں۔ عوام صوبے کی بے شمار معاشی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی میں سول سوسائٹی کا کلیدی کردار ہے، اور نوجوانوں کو ملکی ترقی اور پائیدار استحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
فیلڈ مارشل نے بھارتی حمایت یافتہ عناصر “فتنہ الہندوستان” اور “فتنہ الخوارج” کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ عوام دشمن پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں اور تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن ملکی سالمیت پر حملے کی صورت میں بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں