پاکستان توقع سے زیادہ سخت جواب دے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دشمن کو خبر دار کر دیا

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں لانگ کورس، ٹیکنیکل کورس، لیڈی کیڈٹ کورس اور اینٹی گریٹڈ کورس مکمل کرنے والوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان نے معرکہ حق میں اپنی عسکری اور دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر دوبارہ جارحیت کی کوشش کی گئی تو پاکستان دشمن کو اس کی توقعات سے کہیں زیادہ سخت جواب دے گا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے قوم کے اعتماد کے ساتھ دشمن کو شکست دی اور سرحدوں کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران قوم اور فوج فولادی دیوار کی طرح متحد رہے، جس سے قومی اعتماد مزید مضبوط ہوا۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر لگائے جانے والے بےبنیاد الزامات حقیقت کے برعکس ہیں۔ “بھارت کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا،” فیلڈ مارشل نے کہا، اور واضح کیا کہ نیوکلیئر ماحول میں دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی گنجائش نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان دنیا کی بہترین فوج ہے جو روایتی اور غیرروایتی دونوں میدانوں میں دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کے فوجی اور اقتصادی نقصانات بھارت کی توقعات سے کہیں زیادہ ہوں گے۔ افغانستان سے متعلق گفتگو میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کے استعمال سے روکیں۔ “ہم مٹھی بھر گمراہ دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکیں گے،” انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام پر ظلم و جبر کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا، پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ فیلڈ مارشل نے سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے چین، امریکا، ایران اور دیگر مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں، جبکہ اقوامِ متحدہ کے امن مشنوں میں پاکستان کا کردار دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی طاقت کا ستون ہیں۔ “یاد رکھیں، ہمارا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا، دشمن آج بھی بےچین ہے، مگر ہمارا عزم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ پاکستان کا پرچم ہمیشہ سر بلند رہے گا۔”

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close