انا للہ وانا الیہ راجعون، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما انتقال کر گئے

کراچی: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے جنہوں نے عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی تعزیتی بیان میں کہا کہ آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کو مضبوط بنانے اور جمہوریت کے استحکام میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ آغا سراج درانی جیسے بااصول سیاستدان کم پیدا ہوتے ہیں، ان کی سیاسی و عوامی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ چار دہائیوں پر محیط سیاسی سفر میں آغا سراج درانی نے تین مرتبہ صوبائی وزیر اور دو بار اسپیکر سندھ اسمبلی کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک قائم مقام گورنر سندھ بھی رہے۔ آغا سراج درانی 1988 میں پہلی بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور شہید بینظیر بھٹو و آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے تھے۔

گزشتہ ماہ وہ عارضۂ قلب میں مبتلا ہو گئے تھے اور اہلِ خانہ کے مطابق اسی بیماری کے باعث اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close