راولپنڈی: تحریک لبیک پاکستان کے اسلام آباد کی جانب ممکنہ مارچ کے اعلان کے بعد شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تنظیم نے 10 اکتوبر کو وفاقی دارالحکومت کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے پیشِ نظر انتظامیہ نے فیض آباد پر کنٹینرز پہنچا دیے ہیں اور سکیورٹی فورسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مری روڈ فیض آباد کے اطراف موجود ہوٹل خالی کرانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی راستے فی الحال کھلے ہیں، تاہم حالات کے مطابق کسی بھی وقت بند کیے جا سکتے ہیں۔
اس صورتحال پر سی پی او خالد ہمدانی کی زیرِ صدارت سینئر پولیس افسران کا اجلاس ہوا، جس میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔ سی پی او نے واضح کیا کہ کسی بھی سڑک کو بلاک کرنے یا ٹریفک میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کی آڑ میں پرتشدد کارروائیاں برداشت نہیں کی جائیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے معمولات زندگی کو متاثر کرنے یا سرکاری املاک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں