اسرائیل نے غزہ جانے والی گلوبل صمود فلوٹیلا کی آخری کشتی بھی قبضے میں لے لی

غزہ کے لیے امداد لے جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جمعے کے روز قافلے کی آخری کشتی کو بھی حراست میں لے لیا۔

عرب میڈیا کے مطابق پولینڈ کے جھنڈے والی یہ کشتی، جس پر 6 افراد سوار تھے، غزہ کی سمندری حدود سے تقریباً 43 ناٹیکل میل دور تھی جب اسرائیلی بحریہ نے اسے روک لیا۔ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ یہ واحد کشتی باقی رہ گئی ہے جو غزہ کی جانب رواں دواں تھی۔ رپورٹس کے مطابق بدھ سے اب تک اسرائیلی فوج 43 کشتیوں کو قبضے میں لے چکی ہے اور ان میں سوار تقریباً 500 کارکنان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ گرفتار افراد میں پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان بھی شامل ہیں۔

غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والا یہ بیڑہ گزشتہ ماہ اسپین سے روانہ ہوا تھا، جس میں دنیا بھر سے سیاست دان، کارکن اور انسانی حقوق کے نمائندے شریک تھے۔ ان میں سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ بھی شامل ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں شدید قحط کی صورتحال ہے، تاہم اسرائیلی بحریہ نے بدھ سے ہی فلوٹیلا کو روکنا شروع کر دیا تھا اور اب تک 400 سے زائد افراد کو ساحلی علاقے تک پہنچنے سے روکا جا چکا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close