چاغی میں سکیورٹی فورسز کارروائی، خطرناک دہشتگرد مارے گئے

چاغی میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر اہم کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا۔

اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کے دوران گرفتار دہشت گرد جہانزیب کا اعترافی ویڈیو بیان میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی چار روز قبل چاغی میں عمل میں لائی گئی، جس میں دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانوں پر نشانہ بنایا گیا۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ گرفتار دہشت گرد جہانزیب نے ہتھیار ڈال دیے ہیں جبکہ اس کے دیگر ساتھی مارے گئے۔ دہشت گرد ملکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ویڈیو بیان میں جہانزیب نے متعدد دہشت گرد کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ گروہ چینی شہریوں کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھ رہا تھا، اور جہانزیب دالبندین میں ہتھیار اور دیگر مواد فراہم کرتا تھا۔ انہوں نے اس کارروائی کو بھارت کی خفیہ ایجنسی را کی پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کے دشمنوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کر رہا ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن قائم رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور دہشت گردوں کے خلاف زمینی اور فضائی آپریشنز ناگزیر ہیں۔ دہشت گرد نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ریاست ان کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتے گی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ حلقوں کی جانب سے 4G انٹرنیٹ سروسز کی بندش پر تنقید کی گئی، لیکن یہ اقدام دہشت گردوں کی رابطہ کاری کو روکنے کے لیے ضروری تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اور دہشت گردوں کو ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close