وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دوحہ میں ہونے والے ہنگامی عرب اسلامی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی،
جو پندرہ ستمبر کو قطر پر اسرائیلی حملے کے بعد طلب کیا گیا تھا۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جہاں دونوں رہنماؤں نے اسرائیلی جارحیت پر گفتگو کی، وزیرِاعظم نے اسرائیل کی کارروائی کی سخت مذمت کی اور اسے مشرقِ وسطیٰ میں امن کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔ انہوں نے امت مسلمہ کو متحد کرنے میں سعودی ولی عہد کی قیادت کو سراہا اور یقین دلایا کہ پاکستان سفارتی محاذ پر سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، خاص طور پر اقوامِ متحدہ اور او آئی سی جیسے فورمز پر۔ وزیرِاعظم نے سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے شاہ سلمان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے سفارتی کردار کی تعریف کی اور وزیرِاعظم کے آئندہ دورۂ ریاض کا خیرمقدم کیا، جو اس ہفتے متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں