واٹس ایپ کو ہمیشہ کیلئے بدل دینے والا فیچر ،صارفین کیلئے اہم خبر

واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کے لیے بڑی تبدیلی آنے والی ہے کیونکہ جلد ہی ایپ صرف فون نمبروں پر انحصار نہیں کرے گی۔ میٹا واٹس ایپ میں یوزر نیم سپورٹ متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس پر کافی عرصے سے کام جاری ہے۔ اگرچہ یہ فیچر ابھی تک بیٹا ورژن میں عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں، مگر حالیہ اطلاعات کے مطابق کمپنی نے یوزر نیم ریزرویشن سسٹم تیار کر لیا ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ فیچر جلد متعارف ہو سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، واٹس ایپ نے سیٹنگز میں ایک نیا آپشن شامل کیا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنا پسندیدہ یوزر نیم پہلے سے محفوظ کر سکیں گے۔ میٹا کی جانب سے اس فیچر کی باضابطہ تصدیق تو نہیں کی گئی، مگر بیٹا ورژن میں محدود صارفین کو یہ سہولت دی جا چکی ہے۔

اس فیچر کے مکمل اجرا کے بعد صارفین واٹس ایپ کو اس طرح استعمال کر سکیں گے کہ انہیں اپنا فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ جب کوئی صارف اپنا یوزر نیم سیٹ کرے گا تو اس کا فون نمبر دوسروں سے چھپا رہے گا، جس سے پرائیویسی اور سیکیورٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

یہ فیچر واٹس ایپ کے استعمال کے انداز میں بنیادی تبدیلی لائے گا، کیونکہ ہر صارف ایک منفرد یوزر نیم اپنا سکے گا جسے وہ دوستوں، خاندان یا کاروباری رابطوں کے ساتھ شیئر کر سکتا ہے۔ مزید یہ کہ صارفین کو یوزر نیم تبدیل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی، جس سے وہ اپنی پروفائل پر زیادہ کنٹرول حاصل کر سکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close