جی میل اکاؤنٹس خطرے میں، انتہائی اہم الرٹ جاری

گوگل نے دنیا بھر میں 250 ملین (25 کروڑ) جی میل صارفین کے لیے ایک اہم سیکیورٹی الرٹ جاری کیا ہے، جس میں صارفین کو فوری طور پر اپنا پاسورڈ تبدیل کرنے یا اپنے اکاؤنٹس پر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فعال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ یہ اقدام حالیہ سائبر حملوں میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ان حملوں کے پیچھے ’شائنی ہنٹرز‘ نامی بدنام زمانہ ہیکنگ گروپ کا ہاتھ ہے، جو 2020 سے فعال ہے اور مائیکروسافٹ، اے ٹی اینڈ ٹی، سینٹینڈر اور ٹکٹ ماسٹر جیسے اداروں پر ہونے والے ہائی پروفائل ڈیٹا بریچز میں ملوث رہا ہے۔

خطرناک طریقہ واردات

شائنی ہنٹرز جعلی ای میلز کے ذریعے صارفین کو فریب دیتے ہیں، تاکہ وہ جعلی لاگ اِن پیجز پر کلک کریں یا سیکیورٹی کوڈز جیسی حساس معلومات فراہم کریں۔ گوگل کا کہنا ہے کہ یہ گروپ اب زیادہ ہدفی اور نقصان دہ حملوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔

گوگل کی تنبیہ اور اقدام

جون میں ایک بلاگ پوسٹ میں گوگل نے خبردار کیا تھا کہ “شائنی ہنٹرز” نام استعمال کرنے والے عناصر بھتہ خوری اور ہدفی حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس کے بعد 8 اگست کو گوگل نے ممکنہ طور پر متاثرہ صارفین کو ای میلز کے ذریعے آگاہ کیا کہ وہ فوراً اپنے اکاؤنٹ کی سیکیورٹی کو بہتر بنائیں۔

ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کی اہمیت

ٹو اسٹیپ ویریفکیشن اکاؤنٹ میں اضافی حفاظتی دیوار کا کام کرتی ہے۔ اگر ہیکر آپ کا پاسورڈ حاصل کر بھی لے، تب بھی وہ اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا جب تک ویریفکیشن کوڈ نہ ہو، جو آپ کے موبائل یا رجسٹرڈ ڈیوائس پر بھیجا جاتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close