یہ حقیقت سب پر واضح ہے کہ حالیہ برسوں میں ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اب کم یونٹ استعمال کرنے کے باوجود بھی بجلی کے بل بہت زیادہ آ رہے ہیں، اور مستقبل قریب میں ان میں کسی بڑی کمی کا امکان بھی نظر نہیں آ رہا۔
اب چونکہ بجلی کے بل ایک سے زیادہ سلیبز پر مبنی ہوتے ہیں، اس لیے جتنے زیادہ یونٹ استعمال ہوں گے، فی یونٹ قیمت بھی بڑھتی جائے گی۔ ایسے میں بجلی کے بل میں کمی لانے کا سب سے آسان اور مؤثر طریقہ یہ ہے کہ گھر کی لائٹس ضرورت نہ ہونے پر بند رکھی جائیں۔یہ چھوٹی سی عادت نہ صرف بجلی کی بچت کرتی ہے بلکہ گھر کے درجہ حرارت کو بھی کسی حد تک کم کر دیتی ہے۔ وقت کے ساتھ یہ معمول آپ کے ماہانہ بل میں نمایاں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر ضروری ڈیوائسز کے سوئچ بند کرنے اور چارجرز کو پلگ سے نکالنے سے بھی بچت میں اضافہ ممکن ہے۔
توانائی کی بچت کیوں ضروری ہے؟
جب آپ ضرورت نہ ہونے پر لائٹس بند کرتے ہیں تو دو بڑے فائدے ہوتے ہیں:
ماحول کو فائدہ: بجلی بنانے کے عمل میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج زیادہ ہوتا ہے جو ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا سبب بنتا ہے۔ توانائی کی بچت سے اس اخراج میں کمی آتی ہے۔
اخراجات میں کمی: کم بجلی استعمال ہونے سے براہِ راست بجلی کے بل میں کمی آتی ہے۔
کتنی بچت ممکن ہے؟
اگر آپ 12 واٹ کا ایل ای ڈی بلب استعمال کر رہے ہیں تو یہ بلب فی گھنٹہ 0.012 کلو واٹ آور بجلی خرچ کرتا ہے۔ فرض کریں کہ اس کا فی گھنٹہ خرچ ایک روپے کے برابر ہے تو ایک گھنٹہ لائٹ بند رکھنے سے اتنی ہی رقم کی بچت ہوگی۔
اگرچہ یہ بچت بظاہر کم لگتی ہے، لیکن جب گھر کے متعدد بلب روزانہ کئی گھنٹوں تک بند رکھے جائیں تو مہینے بھر میں بجلی کے بل میں واضح فرق پڑتا ہے۔
ایل ای ڈی لائٹس کیوں بہتر ہیں؟
اگر آپ نے ابھی تک گھر میں ایل ای ڈی لائٹس استعمال نہیں کیں تو فوراً ایسا کریں۔ ماہرین کے مطابق ایل ای ڈی بلب دیگر لائٹس کے مقابلے میں 75 فیصد کم توانائی خرچ کرتے ہیں اور 25 گنا زیادہ عرصے تک چلتے ہیں، جس سے لمبے عرصے تک بجلی کے بلوں میں نمایاں بچت ممکن ہوتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں