محسن نقوی کا حارث رؤف کا جرمانہ اپنی جیب سے ادا کرنے کا اعلان

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایشیا کپ 2025 میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران اشارے کرنے پر آئی سی سی کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف پر عائد جرمانہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

21 ستمبر کو بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے نصف سنچری مکمل ہونے پر بلے کو گن بنا کر فائر کرنے کا اشارہ کیا، جب کہ حارث رؤف نے وکٹ لینے کے بعد بھارتی شائقین کی ہوٹنگ کا جواب طیارہ تباہ ہونے کا اشارہ دے کر دیا۔ بھارت نے میچ جیتنے کے باوجود ان دونوں کھلاڑیوں کے انداز پر اعتراض اٹھاتے ہوئے آئی سی سی میں شکایت درج کرائی۔ سماعت کے بعد میچ ریفری نے حارث رؤف پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا، جب کہ صاحبزادہ فرحان کو صرف وارننگ دی گئی۔

محسن نقوی نے اس حوالے سے کہا کہ حارث رؤف پر عائد جرمانے کی ادائیگی وہ ذاتی حیثیت میں کریں گے۔ یاد رہے کہ آئی سی سی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو بھی متنازع گفتگو پر میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close