بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے پر اپنی پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کسی بھی کثیرالملکی ٹورنامنٹ میں تمام ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گا، تاہم دوطرفہ سیریز کے لیے الگ اصول لاگو ہوں گے۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ مرکزی حکومت کی پالیسی کو فالو کرتا ہے، اور موجودہ پالیسی کے مطابق بھارت کو انٹرنیشنل یا ملٹی نیشن ایونٹس میں کسی بھی ملک کے خلاف کھیلنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، چاہے اس ملک کے ساتھ بھارت کے تعلقات دوستانہ نہ ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت اگر کسی ملک کے خلاف کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو اس پر عالمی پابندیاں لگ سکتی ہیں، جو نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کے لیے بھی نقصان دہ ہوں گی۔ مثال کے طور پر اگر ایتھلیٹکس فیڈریشن پر پابندی لگتی ہے تو نیرج چوپڑا جیسے ایتھلیٹ انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
سائیکیا کا کہنا تھا کہ بھارت دوطرفہ سیریز میں دشمن ممالک کے خلاف نہیں کھیلے گا، مگر ایشیا کپ اور آئی سی سی جیسے ملٹی نیشن ٹورنامنٹس میں تمام میچز کھیلنا لازمی ہوگا تاکہ کسی عالمی پابندی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں