عالمی فٹبال کے عظیم کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے عندیہ دیا ہے کہ وہ جلد ہی فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے تاکہ اپنی فیملی کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکیں۔ چالیس سالہ رونالڈو نے کہا کہ اگرچہ اپنے شاندار کیریئر کا اختتام کرنا ایک مشکل فیصلہ ہے، لیکن وہ اس کے لیے کئی سالوں سے ذہنی طور پر تیار تھے۔
ال نصر کلب کے اسٹرائیکر اور فٹبال کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی رونالڈو نے اعتراف کیا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔ وہ اب تک کلب اور قومی ٹیم کے لیے مجموعی طور پر 952 گول کر چکے ہیں اور کچھ عرصہ قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ 1,000 گولز مکمل کرنے کے بعد کھیل کو خیرباد کہہ دیں گے۔
ایک انٹرویو میں رونالڈو نے کہا کہ انہوں نے 25 سال کی عمر کے بعد ہی اس دن کے لیے خود کو تیار کرنا شروع کر دیا تھا۔ ان کے مطابق، فٹبال میں گول کرنے کا جوش اور خوشی بے مثال ہے، لیکن ہر سفر کا ایک اختتام ہوتا ہے۔ اب وہ اپنی فیملی اور بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔
رونالڈو نے اپنے سابق کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے حوالے سے بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی کلب کے میچز دیکھتے ہیں، مگر اس کی حالیہ کارکردگی سے مایوس ہیں۔ ان کے مطابق، مانچسٹر یونائیٹڈ دنیا کے اہم ترین کلبوں میں سے ایک ہے، لیکن اس وقت مناسب ڈھانچے کی کمی کے باعث زوال کا شکار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں کلب کی صورتحال بہتر ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






