اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور اس مقصد کے لیے باضابطہ طور پر تجارتی کمپنیوں سے ٹینڈرز طلب کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اسٹیڈیم کے نیمنگ رائٹس فروخت کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ اس تاریخی گراؤنڈ کو کسی نجی ادارے کے نام سے منسلک کیا جا سکے۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو اسپانسر کے نام سے شناخت دی جائے گی۔
پی سی بی حکام کے مطابق کرکٹ اسٹیڈیمز کے ناموں کے حقوق فروخت کرنا بورڈ کی تجارتی آمدن بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے ذریعے ملک بھر کے میدانوں سے مستقل مالی وسائل حاصل کیے جا سکیں گے۔
اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا نام تبدیل کر کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا رکھا گیا تھا، جس سے اسپانسر شپ کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔
دنیا بھر میں کھیلوں کے میدانوں کو اسپانسرز کے ناموں سے منسلک کرنا ایک عام رجحان بن چکا ہے، اور پی سی بی کا یہ اقدام بھی اسی عالمی تجارتی طرزِ عمل کی پیروی ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم بین الاقوامی سطح پر اہم حیثیت رکھتا ہے اور اس اقدام سے اس کی مالی و تجارتی قدر میں اضافہ متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






