محمد رضوان کیلئے بری خبر

قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو عہدے سے ہٹانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے ذرائع کے مطابق پاکستان وائٹ بال ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کسی اور سینئر کھلاڑی کو کپتانی کی ذمہ داری سونپنے کے حق میں ہیں۔

مائیک ہیسن نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں سفارش کی گئی ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ایڈوائزری کمیٹی کا فوری اجلاس بلایا جائے تاکہ کپتانی سمیت دیگر اہم فیصلے کیے جا سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے اعلیٰ حکام بھی کپتانی کی تبدیلی کے حامی ہیں اور اس سلسلے میں شاہین شاہ آفریدی سے ابتدائی مشاورت کی جا چکی ہے۔

پی سی بی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ مائیک ہیسن کا خط موصول ہونے کے بعد چیئرمین پی سی بی نے اسے دونوں کمیٹیوں کو ارسال کر دیا ہے، اور 20 اکتوبر کو سلیکشن کمیٹی اور ایڈوائزری کمیٹی کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اسی اجلاس میں جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے نئے کپتان کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close