پاک بھارت میچ کے بعد ہوائی فائرنگ، خبردار کر دیا گیا

ایشیاکپ فائنل میں پاک بھارت میچ کے بعد شرپسندوں کی ممکنہ ہوائی فائرنگ کے خدشہ پر پولیس نے خبردار کر دیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے پولیس افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا حکم دیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث افراد کی فوری گرفتاری اور مقدمات کا اندراج ہو گا۔

پولیس نے اپیل کی ہے کہ شہری خوشی کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے اجتناب کریں کیونکہ ہوائی فائرنگ انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن سکتی ہے۔

ایشیا کپ فائنل میں پاکستان اور بھارت آج دبئی میں مدمقابل ہوں گے، دبئی پولیس نے بھی اسٹیڈیم میں ہنگاموں کے خدشے کے پیشِ نظر ایڈوائزری جاری کردی۔

ایشیا کپ بڑے مقابلے کے لیے دبئی پولیس نے حفاظتی انتظامات مکمل کرلیے ہیں اس سلسلے میں پولیس نے شائقین کے لیے اردو میں ہدایات نامہ جاری کردیا۔

دبئی پولیس کے مطابق شائقین میچ شروع ہونے سے 3 گھنٹے پہلے اسٹیڈیم پہنچیں، ایک ٹکٹ پر صرف ایک بار داخلہ ہوگا، دوبارہ انٹری کی اجازت نہیں ہوگی۔

دبئی پولیس کے مطابق اسٹیڈیم میں آتش گیر مواد، ہتھیار، لیزر پوائنٹر اور آتش بازی پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ٹرائی پوڈ، سیلفی اسٹک اور شیشے کی اشیا بھی ممنوع ہے، دبئی پولیس کے مطابق فائنل میچ میں سیاسی بینرز اور غیر منظور شدہ بورڈز لانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close