ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے تاریخی پاک بھارت فائنل میں ٹاس کے عمل پر سوشل میڈیا صارفین نے سوالات اٹھا دیے ہیں، جس سے میچ کے آغاز ہی میں تنازع نے جنم لے لیا ہے۔
فائنل میچ، جو کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، دبئی کے اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، لیکن اس عمل کی شفافیت پر کئی صارفین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ جب بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے سکہ ہوا میں اچھالا، تو سکہ زمین پر گرنے کے بعد ریفری رچی رچرڈسن نے ابھی اسے اٹھایا بھی نہیں تھا کہ سوریا کمار نے فوری طور پر اعلان کر دیا کہ وہ پہلے فیلڈنگ کریں گے۔ اس جلد بازی پر سوال اٹھاتے ہوئے کئی صارفین نے کہا کہ یہ عمل شفاف نہیں لگا اور ایسا محسوس ہوا جیسے فیصلہ پہلے سے طے شدہ ہو۔
ابھی تک میچ آفیشلز یا ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر بحث شدت اختیار کر چکی ہے، اور شائقین مطالبہ کر رہے ہیں کہ ٹاس کے عمل کو مزید شفاف اور واضح بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں