معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے اپنی صحت سے متعلق سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت مند اور تندرست ہیں۔
عابدہ پروین کی ٹیم کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ اس حوالے سے پہلے بھی وضاحت دی جا چکی ہے، تاہم افواہوں کے دوبارہ پھیلنے پر وضاحت ایک بار پھر ضروری سمجھی گئی۔ بیان کے مطابق عابدہ پروین بالکل خیریت سے ہیں اور الحمدللہ مکمل صحت مند ہیں۔
ٹیم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد خبروں کو غیر ضروری طور پر پھیلایا گیا جبکہ بعض میڈیا اداروں نے بھی بغیر تصدیق کے خبریں شائع کیں۔ مداحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف مصدقہ ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور جھوٹی افواہوں کو آگے نہ بڑھائیں۔
عابدہ پروین کی ٹیم نے میڈیا اداروں سے درخواست کی کہ وہ ان کی صحت سے متعلق غلط خبریں فوری طور پر ہٹا دیں۔ ساتھ ہی مداحوں سے اظہارِ تشویش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
بیان کے بعد مداحوں نے سوشل میڈیا پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عابدہ پروین کے لیے نیک تمنائیں پیش کیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





