ریشم اور سعود کے الزامات، سید نور نے جواب دیدیا

پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار اور مصنف سید نور نے اداکارہ ریشم اور سعود قاسمی کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا تفصیلی جواب دے دیا۔

کئی کامیاب فلموں کے خالق سید نور نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے خلاف کیے جانے والے بیانات پر کھل کر گفتگو کی۔ ریشم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “اگر ریشم کے میرے ساتھ نہ رہنے سے میرا نقصان ہوا تو وہ خود بطور اداکارہ کہاں پہنچیں؟” سید نور کے مطابق ریشم کی ابتدائی پانچوں فلمیں — “دوپٹہ جل رہا ہے”, “گھونگھٹ”, اور “جیوا” — سب سپر ہٹ تھیں۔ تاہم، وہ ہر کردار کے لیے موزوں نہیں تھیں، اسی لیے انہیں دیگر اداکاروں کے ساتھ کام کرنا پڑا۔

ہدایتکار نے مزید کہا کہ جب انہوں نے ریشم کو کاسٹ کرنا بند کیا تو ان کی کوئی بڑی فلم سامنے نہیں آئی۔ “میں نے ان کے کیریئر کے آغاز میں بہت محنت کی، مگر یہ کبھی نہیں بتاؤں گا کہ میں نے انہیں کیسے گروم کیا۔” سید نور نے واضح کیا کہ ریشم کے جانے کے بعد بھی انہوں نے متعدد کامیاب فلمیں بنائیں، اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ ان کے جانے سے ان کی کامیابی متاثر ہوئی۔

اداکار سعود قاسمی کے بیان پر بات کرتے ہوئے سید نور نے کہا:”مجھے نہیں لگتا کہ سعود کا مقصد مجھے برا کہنا تھا۔ اگر وہ ایسا کہنا بھی چاہتے تھے تو بھی میں یہی سمجھوں گا کہ ان کا ارادہ منفی نہیں تھا۔”انہوں نے کہا کہ ممکنہ طور پر سعود کا مطلب یہ تھا کہ جب سید نور اور شان شاہد فلموں سے دور ہوئے تو انڈسٹری کمزور پڑ گئی۔

آخر میں سید نور نے کہا: “سعود اور ریشم دونوں میرے بچوں کی طرح ہیں، میں ان کی تنقید پر ناراض نہیں ہوتا۔ جو لوگ آپ کے مقام تک نہیں پہنچ پاتے، وہ لازمی بات کرتے ہیں۔ سعود ایک اچھے اداکار ہیں اور انہیں اپنی رائے رکھنے کا پورا حق ہے۔”

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close