اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس میں گواہان کو آئندہ سماعت پر پیش ہو کر اپنے بیانات ریکارڈ کرانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل راجہ نوید حسین عدالت میں پیش ہوئے، تاہم مزید گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے۔ عدالت نے گواہان کو آئندہ سماعت یعنی 11 اکتوبر کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے ملزم عمر حیات پر فردِ جرم عائد کی تھی، تاہم اس نے صحتِ جرم سے انکار کیا تھا۔ سماعت کے دوران جج نے ملزم سے استفسار کیا تھا کہ کیا اس نے ثنا یوسف کو قتل کیا ہے؟ جس پر ملزم نے جواب دیا کہ “میں نے کوئی جرم نہیں کیا، مجھ پر لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں۔” عدالت نے اس موقع پر ریمارکس دیے تھے کہ ملزم پر ثنا یوسف کا موبائل فون چھیننے کا بھی الزام ہے، جسے ملزم نے بھی مسترد کر دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں