مشہور ویب سیریز راگنی ایم ایم ایس ریٹرنز سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ کرشمہ شرما چلتی لوکل ٹرین سے چھلانگ لگانے کے باعث شدید زخمی ہوگئیں۔ حادثے میں ان کے سر اور کمر پر چوٹیں آئیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت طبی نگرانی میں ہیں۔
31 سالہ کرشمہ نے حادثے کی اطلاع خود سوشل میڈیا کے ذریعے دی۔ اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں انہوں نے لکھا کہ وہ چرچ گیٹ میں شوٹنگ کے لیے جا رہی تھیں اور ساڑھی پہن کر ٹرین میں سوار ہوئیں۔ جیسے ہی ٹرین نے رفتار پکڑی، انہوں نے دیکھا کہ ان کے دوست سوار نہیں ہو سکے۔ خوف کی حالت میں انہوں نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں وہ پیچھے کی طرف گریں اور ان کا سر زور سے زمین سے ٹکرا گیا۔
کرشمہ کے مطابق ان کی کمر پر چوٹ آئی ہے، سر سوج گیا ہے اور جسم پر نیل پڑے ہیں۔ ڈاکٹروں نے ان کا ایم آر آئی کیا ہے اور ایک دن کے لیے آبزرویشن پر رکھا ہے تاکہ سر کی چوٹ کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل درد میں ہیں، لیکن حوصلہ رکھے ہوئے ہیں، اور مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
اداکارہ کے قریبی دوستوں نے بھی اسپتال سے ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور مداحوں سے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی۔ ایک دوست نے بتایا کہ کرشمہ کو زمین پر گرا ہوا پایا گیا اور فوری اسپتال لے جایا گیا، اس وقت وہ کچھ بھی یاد نہیں کر پا رہی تھیں۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کی بڑی تعداد نے کرشمہ کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کے پیغامات بھیجے ہیں۔ کرشمہ شرما بالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، اور راگنی ایم ایم ایس ریٹرنز، پیار کا پنچنامہ 2 اور اُجڑا چمن جیسی فلموں و ویب سیریز میں اداکاری کر چکی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں