مشہور ٹک ٹاک انفلوئنسر خاندان سمیت قتل

میکسیکو کی مشہور ٹک ٹاک انفلوئنسر ایسمیرالڈا فیرر گاریبے، ان کے شوہر اور دو بچوں کو فائرنگ کے بعد قتل کر دیا گیا۔ پلاسٹک میں لپٹی چاروں افراد کی لاشیں گواڈالاہارا کے علاقے سان آندریس سے ایک گاڑی سے برآمد ہوئیں۔

پراسیکیوٹر الفونسو گٹیریس سنتیّان کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 32 سالہ ایسمیرالڈا، 36 سالہ شوہر روبرتو کارلوس گل لیسیا، 13 سالہ بیٹے گیل سانتیاگو اور 7 سالہ بیٹی ریجینا کے طور پر ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس نے قریبی مکینک شاپ کے تین ملازمین کو گرفتار کیا، تاہم ثبوت نہ ملنے پر رہا کر دیا گیا۔ حیران کن طور پر یہ افراد رہائی کے کچھ ہی دیر بعد نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا کر لیے گئے۔

مزید شواہد کے مطابق قریبی آٹو ریپئر شاپ سے خون کے دھبے اور گولیوں کے خول ملے ہیں، جس سے شبہ ہے کہ خاندان کو وہیں قتل کر کے لاشیں دوسری جگہ منتقل کی گئیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق اصل ہدف ایسمیرالڈا کے شوہر تھے، تاہم ایسمیرالڈا بھی سوشل میڈیا پر اپنی پرتعیش زندگی کی وجہ سے نمایاں تھیں۔ وہ اکثر ڈیزائنر برانڈز، مہنگی گاڑیوں، کاسمیٹک سرجریز اور غیر ملکی دوروں کی ویڈیوز اپنے 44 ہزار فالوورز کے ساتھ شیئر کرتی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ معاملہ ابھی زیرِ تفتیش ہے اور یہ واضح نہیں ہو سکا کہ قتل ذاتی دشمنی، جرائم پیشہ گروہوں یا کسی اور وجہ سے ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close