ڈبل ڈیکر بس سروس دوبارہ شروع، کرایہ اور روٹس نے سب کو چونکا دیا

کراچی میں پچاس برس کے طویل وقفے کے بعد ڈبل ڈیکر بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا ایک منفرد اور یادگار باب دوبارہ کھل گیا ہے۔

ڈبل ڈیکر بس سروس کی افتتاحی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی، جہاں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے ربن کاٹ کر اس منصوبے کا افتتاح کیا۔ تقریب کے دوران متعلقہ حکام نے شرجیل انعام میمن کو بسوں کی جدید سہولتوں اور خصوصیات سے آگاہ کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت نے عوام سے ڈبل ڈیکر بسوں کا وعدہ کیا تھا، اور اب ایسے منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں جن سے زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر بس سروس کا ابتدائی روٹ 22 کلومیٹر پر مشتمل ہے، جو ملیر سے شارع فیصل تک ہوگا، جبکہ کرایہ 80 سے 120 روپے کے درمیان رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ مستقبل میں شہر کی مختلف سڑکوں پر ڈبل ڈیکر بسیں نظر آئیں۔

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت بسوں کے کرایوں میں سبسڈی فراہم کر رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر عوام کے لیے سفری سہولتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے سال میں سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ کے مزید منصوبے متعارف کروائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی سڑکوں کی بہتری کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، صنعتی علاقوں کے لیے 9 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، جبکہ شاہراہِ بھٹو کو جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کے طور پر عوام کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close