ایم کیو ایم کو 20 ارب روپے جاری

کراچی (طاہر عزیز) وفاقی حکومت نے کراچی-حیدرآباد پیکیج کے تحت ایم کیو ایم پاکستان کے ارکانِ قومی اسمبلی کے لیے 20 ارب روپے جاری کر دیے۔ اس میں سے 15 ارب روپے کراچی اور 5 ارب روپے حیدرآباد کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

ایم کیو ایم کے کراچی اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ارکان نے اپنے اپنے علاقوں کی ترقیاتی اسکیمیں پاکستان انفرا اسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی آئی ڈی سی ایل) میں جمع کرا دی ہیں۔ ان اسکیموں کی اسکروٹنی مکمل ہو چکی ہے، سی ڈی ڈبلیو پی سے منظوری بھی حاصل ہو چکی ہے، اور ایکنک سے حتمی منظوری کے بعد ٹینڈرنگ کا عمل شروع ہو جائے گا۔

فنڈز سے فلائی اوورز، پانی و نکاسی آب کے منصوبے، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور عوامی سہولت کے دیگر ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔ پی آئی ڈی سی ایل ذرائع کے مطابق نہ صرف یہ فنڈز اکاؤنٹ میں منتقل ہو چکے ہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) کے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ارکانِ اسمبلی کے لیے 3 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز بھی جاری ہو چکے ہیں، جب کہ سیپ مد میں 3 ارب روپے الگ سے موصول ہوئے ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 26 ارب روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں۔

کراچی میں ایم کیو ایم کے ارکان کو سیپ کے تحت پہلے ہی فی رکن 25 کروڑ روپے مل چکے ہیں، اور 400 میں سے تقریباً 100 اسکیموں کے ٹینڈر اور ورک آرڈرز مکمل ہو چکے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری یہ فنڈز کراچی میں آئندہ چند ماہ میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی سرگرمیوں کا سبب بنیں گے۔ واضح رہے کہ پہلے یہ کام وزارتِ ہاؤسنگ کے ماتحت پاک پی ڈبلیو ڈی انجام دیتا تھا، تاہم اب وزارت نے پی آئی ڈی سی ایل قائم کر کے یہ ذمہ داری اس کے سپرد کر دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close