پاکستانیوں کیلئے بری خبر، آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہوا ہے، جس نے شہریوں کے لیے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق صرف ایک ہی دن میں 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جو 2,350 روپے سے بڑھ کر 2,550 روپے ہو گئی ہے۔ دکانداروں کے مطابق گزشتہ چار ماہ میں آٹے کے تھیلے میں مجموعی طور پر 700 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی بنیادی وجہ پنجاب کی جانب سے گندم اور آٹے کی بین الصوبائی نقل و حمل پر عائد پابندی ہے، جس نے بلوچستان میں سپلائی کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر یہ پابندی جلد ختم نہ ہوئی تو قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ بلوچستان حکومت پنجاب کے ساتھ فوری مذاکرات کرے۔

شہریوں نے آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آٹا ایک بنیادی ضرورت ہے، لیکن ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں اس معاملے میں غیر فعال نظر آتی ہیں۔ عوام نے حکومت سے فوری مداخلت اور قیمتوں میں کمی کے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close