پنجاب حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں ایک انعامی اسکیم کا اعلان کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت جو شہری کسی غیر قانونی افغان شہری کی اطلاع دے گا، اسے دس ہزار روپے کا انعام دیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق اطلاع دینے والوں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور آئی جی پنجاب نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ اطلاع دہندگان کو فوری طور پر انعام کی رقم فراہم کی جائے۔ یہ مہم ان مکان مالکان اور دکانداروں کے خلاف بھی ہے جو غیر قانونی افغان باشندوں کو کرایہ پر رہائش یا کاروبار کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق نومبر کے آغاز میں افغان شہریوں کی گرفتاریوں میں ایک سو پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ ملک بدر کیے گئے افراد کی تعداد سینتیس ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں فعال کردار ادا کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





