آج سے مارکیٹس اور ریسٹورنٹس کتنے بجے بند ہوں گے؟ اہم خبر

لاہور میں اسموگ پر قابو پانے کے لیے مارکیٹس اور ریسٹورنٹس کے نئے اوقات کار کا اعلان کر دیا گیا ہے، تاہم میڈیکل اسٹورز، اسپتال، دودھ کی دکانیں، تندور اور پٹرول پمپ ان پابندیوں سے مستثنیٰ رہیں گے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاہور میں مارکیٹیں پیر سے ہفتہ تک رات 10 بجے بند کی جائیں گی، جبکہ اتوار کو دوپہر 2 بجے سے رات 10 بجے تک کھلی رہیں گی۔ ریسٹورنٹس اور کیفے رات 11 بجے تک کھلے رہیں گے، تاہم جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو انہیں رات 12 بجے تک بند کرنا لازمی ہوگا۔ ہوم ڈیلیوری سروسز کو رات 2 بجے تک کام کرنے کی اجازت ہوگی۔

انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ چونکہ 2023 کا نوٹیفکیشن پہلے سے نافذ العمل ہے، اس لیے نئے نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی نے بھی اسموگ اور موسمی بیماریوں کے تدارک سے متعلق ایک قرارداد منظور کر لی ہے۔ یہ قرارداد حکومتی رکن اسمبلی فاطمہ بیگم نے پیش کی، جس میں کہا گیا کہ موسمی حالات اور بڑھتی ہوئی اسموگ شہریوں کی صحت کو شدید متاثر کر رہی ہے۔

قرارداد میں سفارش کی گئی ہے کہ دکانیں رات 8 بجے اور شادی ہالز رات 10 بجے بند کیے جائیں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ قرارداد کے مطابق حکومت کے مؤثر اقدامات سے نہ صرف آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ صحت عامہ کے مسائل پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close