کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الہندوستان کے 18 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 28 اور 29 اکتوبر کو کوئٹہ اور بلیدہ کے علاقوں میں کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کوئٹہ کے علاقے چلتن کی پہاڑیوں میں آپریشن کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 دہشت گرد مارے گئے۔ اس دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
اسی طرح ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں کی جانے والی دوسری کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن اب بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن “عزمِ استحکام” کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






