حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد میں نادرا کا نیا رجسٹریشن سینٹر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، جس سے شہریوں کو قومی شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات اپنے ہی علاقے میں حاصل کرنے کی بہتر سہولت ملے گی۔
حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے میئر کاشف علی شیرو نے نیشنل رجسٹریشن سینٹر (این آر سی) کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی جی نادرا سندھ عامر علی خان، چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن پریٹ آباد اور پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
میئر کاشف علی شیرو نے کہا کہ نئے سینٹر کے قیام سے شہریوں کو شناختی کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات کے حصول میں آسانی ہوگی۔ ان کے مطابق، پریٹ آباد میں این آر سی قائم کرنے کا فیصلہ عوامی سہولت کے پیش نظر کیا گیا تھا۔
نادرا کے ترجمان نے بتایا کہ یہ مرکز نادرا ریجنل ہیڈ آفس کراچی اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ یہ مرکز پریٹ آباد، پھلیلی، ہالا ناکہ، پکا قلعہ، لیاقت کالونی اور نیا حیدرآباد سٹی کے رہائشیوں کو خدمات فراہم کرے گا۔
ڈی جی نادرا سندھ عامر علی خان نے کہا کہ سینٹر میں 10 سروس کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں اور یہاں ایک وقت میں 300 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز اور آسان بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے میئر حیدرآباد اور چیئرمین ٹی ایم سی پریٹ آباد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے اس سینٹر کا قیام ممکن ہو سکا، جس سے شہریوں کو اپنی ضروریات کے لیے بہتر اور تیز تر سہولتیں حاصل ہوں گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






