پاکستان کے مختلف حصوں میں آج زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جنہوں نے لوگوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ کئی شہروں میں جھٹکے اتنے طاقتور تھے کہ شہری کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں زلزلے کی تصدیق کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن تھا، جبکہ زمین میں اس کی گہرائی 234 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
ریختر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ ہوئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلے کے جھٹکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، چترال، مالاکنڈ، دیر اور دیگر قریبی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔ اسی طرح خیبرپختونخوا کے شہروں چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، رستم، رسالپور، مالاکنڈ، سوات، تخت بھائی اور باجوڑ میں بھی جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں