لاہور میں ٹریفک پولیس نے ای چالان کی عدم ادائیگی پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2,546 گاڑیوں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے، جبکہ ٹریفک وارڈنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ نادہندہ گاڑیوں کو فوری طور پر ضبط کیا جائے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ان گاڑیوں کے مالکان نے 50 سے زائد بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی، جن پر 50 سے زیادہ ای چالان جاری کیے جا چکے ہیں۔ مسلسل عدم ادائیگی کے باعث ان گاڑیوں کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام نادہندہ گاڑیوں کی تفصیلات ٹریفک وارڈنز کو بھجوا دی گئی ہیں اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ ایسی گاڑیاں دیکھتے ہی ضبط کر لی جائیں۔
یاد رہے کہ لاہور میں ٹریفک نظام کو بتدریج ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، جس کے تحت چالان کا نظام بھی مینوئل کے بجائے ای چالان میں تبدیل کر دیا گیا ہے تاکہ شفافیت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں