وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ کیا جا رہا ہے، اور آج دوسرے صوبوں کے لوگ بھی یہ خواہش کرتے ہیں کہ کاش ان کی گلیاں بھی پنجاب جیسی ہوتیں۔ وہ پاک پتن میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اس وقت “اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت 90 ہزار گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ مستحق شہریوں کو راشن کارڈ کے تحت ہر ماہ 3 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گرین ای بسیں پورے پنجاب میں یکساں طور پر فراہم کی جا رہی ہیں، اور ان بسوں میں خواتین کے لیے الگ جگہ مختص کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، اور گجرات میں 26 ارب روپے کی لاگت سے مکمل نیا ڈرینج سسٹم بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پنجاب کے کچھ علاقوں میں اب بھی لوگ پینے کا پانی سر پر اٹھا کر لاتے ہیں، لیکن اب ایسے گھروں تک گاڑیوں کے ذریعے پانی پہنچایا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ پہلے واسا صرف لاہور یا چند بڑے شہروں تک محدود تھا، اور بارش یا نکاسی آب کے مسئلے پر دوسرے شہروں سے مشینری منگوانی پڑتی تھی، مگر اب تقریباً 25 شہروں میں واسا قائم ہو چکا ہے، جس کے پاس اپنی مشینری اور افرادی قوت موجود ہے، اور اب بارش کے بعد گھنٹوں میں پانی نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت پورے پنجاب میں واسا کا نظام پھیلانے جا رہی ہے، سڑکیں بنیں گی، انفرااسٹرکچر میں بہتری آئے گی، اور لوگوں کو یہ محسوس ہوگا کہ وہ ایک خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر میں رہ رہے ہیں۔ اپنی تقریر کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ پانچ سال کے دوران پانچ سے سات لاکھ لوگوں کو اپنا گھر اور زمین مہیا کی جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں