کراچی میں 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کے تحت مخصوص علاقوں میں موبائل فون سگنلز بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے محکمہ داخلہ سندھ کو باضابطہ خط ارسال کیا ہے۔
جاوید عالم اوڈھو کے مطابق، موبائل فون سروس صرف مرکزی جلوس کے راستوں اور چند اہم مقامات پر عارضی طور پر معطل کی جائے گی، جب کہ پورے شہر میں سگنلز بند نہیں ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی سہولت اور کم سے کم پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس اقدام کو محدود دائرے تک رکھا جائے گا، اور اس کا مقصد صرف سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
ترجمان کے مطابق، کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساؤتھ زون میں 23 مقامات ایسے ہیں جہاں مکمل طور پر سگنلز بند کیے جائیں گے، جبکہ نشتر پارک سے مرکزی جلوس کے راستے میں بھی موبائل سروس معطل رہے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ یہ اقدام شہریوں کے تحفظ اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے، تاہم کوشش کی جائے گی کہ عوام کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں۔
اس کے ساتھ ہی آج اور کل شہر بھر میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاکہ امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں