زلزلے کے جھٹکے ،افراتفری پھیل گئی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ شمالی علاقوں میں 48 گھنٹوں کے دوران یہ دوسرا زلزلہ تھا، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات، مینگورہ اور قریبی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق حالیہ زلزلے کی شدت 5.4 اور گہرائی 22 کلومیٹر تھی۔

اس سے قبل یکم ستمبر کی رات بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلہ آیا تھا۔ اس زلزلے کی شدت 6.0 اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی، جبکہ مرکز کوہ ہندوکش ریجن میں واقع تھا۔ زلزلہ رات 12 بج کر 17 منٹ پر آیا اور تقریباً 10 سیکنڈ تک جاری رہا، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، چکوال، سوات، پشاور، ملاکنڈ، مانسہرہ، ہنگو، مردان، نوشہرہ، بنوں، بونیر، کوہاٹ اور چارسدہ سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔

اس سے قبل 27 اگست کو بھی خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع خصوصاً سوات، صوابی، بونیر، چترال اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں سے لوگ خوفزدہ ہو گئے تھے۔ کئی علاقوں میں لوگ گھبراہٹ کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close