اچھی خبر ، ملک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت

ملک میں خام تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کر لیے گئے ہیں۔ او جی ڈی سی ایل نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع نشپا بلاک سے تیل اور گیس کی دریافت کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ ترجمان آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کے مطابق براگزئی ایکس ون کنویں سے یومیہ 4 ہزار 100 بیرل تیل اور ساڑھے 10 ملین کیوبک فٹ گیس حاصل ہوگی۔

ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق براگزئی ایکس ون کنواں 5 ہزار 170 میٹر گہرائی تک ڈرل کیا گیا، جس کے نتیجے میں ڈاٹا فارمیشن میں ہائیڈروکاربن سے 187 میٹر زون کی کامیاب نشاندہی ہوئی۔ نشپا بلاک میں او جی ڈی سی بطور آپریٹر 65 فیصد، پی پی ایل 30 فیصد اور جی ایچ پی ایل 5 فیصد کے حصے دار ہیں۔ اس نئی دریافت سے ملک اور او جی ڈی سی کے توانائی ذخائر میں مزید اضافہ ہوگا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مقامی وسائل کے فروغ سے ملک میں توانائی کی طلب و رسد کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ اس سے قبل پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی بڑی کمی کی جا چکی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close